کراچی؛ مضرصحت پانی کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی، متعدد افراد گرفتار


کراچی میں مضرصحت پانی فروخت کرنے والوں کےخلاف واٹربورڈ اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نےمضرصحت پانی فروخت کرنے والے 11ملزمان کو گرفتار کرکے مضرصحت پانی سے بھرے 11ٹینکرز قبضہ میں لے لیا ہے۔

ترجمان واٹربورڈ کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان کی تشکیل کردہ ٹیموں اور پولیس نے گزشتہ روز نادرن بائی پاس اور آرسی ڈی شاہراہ پرکارروائی کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو ٹینکروں کے ذریعے ساکرو سمیت بلوچستان کے سندھ سے متصل دیگر علاقوں کے جوہڑوں سے مضر صحت اور کیمیکل ملاپانی لاکر فروخت کرنے والے ٹینکروں کیخلاف کارروائی کی ،مشترکہ ٹیموں کی قیادت فوکل پرسن ریحان اقبال اور ایس ایچ او موچکو تھانہ وسیم محمد کررہے تھے

مشترکہ آپریشن کے دوران مضر صحت پانی سے بھرے 11ٹینکروں کو قبضہ میں لے کر 11ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے ان کے خلاف موچکو تھانہ میں مقدمات درج کرادیئے گئے ہیں۔