عالمی ادارے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کریں گے
کرونا سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک، ایشائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک پاکستان کو ڈیڑھ ارب امریکی ڈالر دیں گے، پاکستانی روپے میں یہ رقم 250 ارب 27 کروڑ روپے بنتی ہے۔
پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ہیں جس کے بعد جلد ہی ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک پاکستان کو 50 50 کروڑ ڈالرز یعنی ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کریں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم ملنے کے لیے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ معاہدے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی فراہم کردہ رقم کورونا ایکٹو ریسپانس سپورٹ پروگرام کے تحت صحت کے نظام کو مستحکم کرنے پر ،ایشین انفرانسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کی رقم کورونا رسپانس سپورٹ پروگرام کے تحت امراض کے براہ راست اور بالواسطہ اثرات کو کم کرنے پر جب کہ عالمی بینک کی جانب سے ملنے والے 50 کروڑ ڈالر انسانی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے، اہم ترین سرکاری اعداد و شمار، دارالحکومتوں میں انسانی صحت اور تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔
خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس نے اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریکارڈ 153 افراد دم توڑ گئے ہیں جبکہ 6,604 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31,681 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے جانے والے ٹیسٹوں کی تعداد 1,042,787 ہو گئی ہے






