طیارہ حادثہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آج پیش کی جائے گی


طیارہ حادثہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آج پیش کی جائے گی

قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آج پیش کی جائے گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی برائے ہوا بازی غلام سرور پی آئی اے طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر غلام سرور سے تحقیقاتی رپورٹ کی بابت استفسار کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر غلام سرور نے وزیراعظم کی جانب سے کیے جانے والے استفسار پر یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ پیر کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردیں گے۔
یاد رہے کہ عید الفطر کی مناسبت سے خصوصی طور پر چلائی جانے والی پی آئی اے کی پرواز نے لاہور سے دوپہر ایک بجکر دس منٹ پر اڑان بھری تھی اور اپنے مقررہ وقت پر کراچی پہنچ گئی تھی لیکن لینڈنگ سے چند لمحے قبل جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل علاقے ماڈل ٹاؤن میں گر کر تباہ ہو گئی تھی۔
پی آئی اے طیارہ حادثے میں دو مسافر خوش قسمتی سے محفوظ رہے تھے جب کہ باقی دیگر تمام مسافر بمعہ اسٹاف اس المناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔
دوپہر دو بجکر 25 منٹ اور چار سیکنڈ پہ پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں رہائشی علاقے کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے فوری طور پر تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کی تحقیقات کے لیے فرانس سے بھی ماہرین کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری