بہترین لوگ پرواز کر گئے


بہترین لوگ پرواز کر گئے

سال 2020 کا آغاز ہی دھماکے دار انداز میں ہوا 3 جنوری 2020 کو امن مشن پہ مامور ایرانی و عراقی کمانڈرز بغداد ائیرپورٹ کے نزدیک امریکی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔

تسنیم خبررساں ادارہ:

سال 2020 کا آغاز ہی دھماکے دار انداز میں ہوا 3 جنوری 2020 کو امن مشن پہ مامور ایرانی و عراقی کمانڈرز بغداد ائیرپورٹ کے نزدیک امریکی دہشت گردی کا نشانہ بنےدنیا بھر میں اس امریکی بربریت پہ کئی دن دن تک احتجاج ہوتے رہے ابھی اس اندوہناک واقعے کو رونما ہوئے زیادہ وقت نہیں گزرا تھا کہ کورونا نامی وباء نے عالمِ انسانیت کو اپنے شکنجے میں دبوچ لیا تمام تر دعائوں اور دوائوں کے باوجود یہ عفریت ٹلنے کا نام نہیں لے رہا بلکہ آئے روز صورتحال گھمبیر سے گھمبیر تر ہوتی جا رہی ہے اب تک اس مہلک وباء سے دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زائد متاثر جب کہ پانچ لاکھ سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں وطن عزیز پاکستان میں بھی متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے بڑھ گئی ہے  آئے روز احباب کی جدائی  کی دکھ بھری خبریں ملتی ہیں  چند ہفتے پہلے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی کاروباری شخصیت انتہائی ملنسار سید رضی عباس نقوی  کی وفات کی خبر سے دل انتہائی اداس رہا  ابھی یہ غم بھلا نہ پائے تھے کہ جواں سال دوست سید انتخاب حیدر اپنے معصوم بچوں کو روتا بلکتا چھوڑ کر چل بسے ہمہ گیر علمی شخصیت علامہ قاضی غلام مرتضی بھی علم دوست حلقوں کو افسردہ کر گئے

اسی کورونا وباء کے دوران کچھ ایسی نابغہ روزگار شخصیات بھی چل بسیں جن کا خلا پر کرنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے ان میں سرِفہرست ڈاکٹر حسین شیخ الاسلام جن کا انتقال کورونا کے ابتدائی ایام میں ہوا ایرانی شہر اصفہان سے تعلق رکھنے والے حسین شیخ الاسلام ایرانی خارجہ سیاست میں اہم مقام رکھتے تھے وزارتِ خارجہ سے مربوط رہنے کے ساتھ ساتھ وہ دمشق میں ایرانی سفیر بھی رہے مجمع جھانی تقریب مذاہب اسلامی  اور فلسطین ایشو پر بھی انتہائی فعال کردار ادا کیا ایران کی قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے مختصر یہ کہ  ڈاکٹر حسین شیخ الاسلام ایرانی سیاست میں ایک قد آور شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے 1953 میں اصفہان میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر حسین شیخ الاسلام نے 2020 میں داعی اجل کو لبیک کہا۔

جدائیوں کے اس موسم میں جون کا مہینہ خاصا بھاری رہا اس ماہ کی ابتدا میں آزادی فلسطین کے حوالے سے انتہائی متحرک شخصیت اور جہاد اسلامی فلسطین کے سابقہ سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رمضان عبداللہ کا انتقال ہوا ان کی شخصیت پہ ایک مفصل تحریر چند ہفتے پہلے قارئین کی نذر کر چکا ہوں۔

وطن عزیز پاکستان کی بات کی جائے تو یہاں بھی جون علمی و ادبی حلقوں پہ خاصا بھاری رہا دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کی معروف آواز خاموش ہو گئی طارق عزیز مرحوم کا پروگرام نیلام گھر بلا شبہ آج کل کے بیہودہ اور غیر اخلاقی شوز سے یکسر مختلف ایک ایسا معلوماتی پروگرام تھا جسے فیملی کے ساتھ مل بیٹھ کر دیکھنے میں کوئی دقت نہیں تھی مرحوم پاکستان کی ہمہ جہت شخصیت تھے کیریئر کا  آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا1997 میں لاہور سے ممبر قومی اسمبلی بھی رہے لیکن انہیں  صحیح معنوں میں شہرت نیلام گھر سے ملی طارق عزیز مرحوم ایک محب وطن پاکستانی تھے جو جاتے جاتے اپنا تمام سرمایہ مملکتِ پاکستان کے نام کر گئے

ذکر کیا جائے کراچی شہر کا تو گذشتہ دو ہفتوں کے دوران تین علمی شخصیات یکے بعد دیگرے چل بسیں 20 جون کو مفتی محمد نعیم مہتمم جامعہ بنوریہ راہیِ عدم ہوئے 1958 میں کراچی میں پیدا ہونے والے مفتی نعیم نے سولہ برس تک جامعہ بنوریہ میں بطورِ استاد خدمات سرانجام دیں مرحوم ایک اچھے مہتمم و مدرس ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین مصنف بھی تھے تفسیر روح القرآن سمیت انہوں نے کئی معروف کتب تحریر کیں مرحوم مفتی نعیم وفاق المدارس العربیہ کی مجلس شوری کے رکن بھی رہے۔

تم نے گریہ کیا مجلس تمام ہوئی اور اب تو دامنِ وقت میں گنجائش بھی نہیں رہی  یہ جملے گویا آج بھی سماعتوں کی پیاس بڑھا رہے ہیں علم و ادب کے جوہر علامہ طالب جوہری نے 21 جون کو داغِ مفارقت دیا دس محرم کی شام شامِ غریباں کی مجلس ہوتی یا نشتر پارک میں محرم الحرام کے عشرے ، شیعہ سنی بلا تفریق  علامہ طالب جوہری کےعلم اور  انداز ِ خطابت کو سراہتے نظر آتےان کے چاہنے والے اس انداز اور فن خطابت کو شاید کبھی نہ بھول پائیں وہ ایک جید عالم ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے شاعر ، مورخ اور مصنف بھی تھے انہوں نے آیت اللہ العظمی سید ابوالقاسم خوئی اور آیت اللہ شہید باقر الصدر جیسی مایہ ناز علمی شخصیات سے کسبِ فیض کیا عراق کی مشہور و معروف مذہبی و سیاسی شخصیت  آیۃ اللہ العظمی سید علی سیستانی  کے ہم جماعت رہے علامہ صاحب ویسے تو ہر حوالے سے انتہائی علمی شخصیت تھے لیکن علم قرآن کریم سے انہیں خصوصی لگائو رہا اس سلسلے میں انہیں قادر الکلام کہا جا سکتا ہے اس کی دلیل قرآنی موضوعات پہ انکی مشہور ومعروف کتب جن میں احسن حدیث ، عالمی معاشرہ اور قرآن حکیم، اساس آدمیت اور قرآن، انسانیت کا الوحی منشور ، میراث عقل اور وحی الہی شامل ہیں  اردو ادب میں حرفِ نمو، پس آفاق اور شاخِ صدا  ان کی بہترین تصانیف ہیں۔

افسوس کہ علم کا طالب کتابوں کا یہ جوہری دبستان کراچی کی ایک توانا آوازاب ہمارے درمیاں نہیں رہی۔

26 جون کو کراچی سے ایک اور افسوس ناک خبر سابق امیر جماعتِ اسلامی سید منور حسن کے انتقال کی صورت میں موصول ہوئی دہلی میں پیدا ہونے والے سید منور حسن نے سیاست کا آغاز 1959 میں ایک طلبہ تنظیم کے پلیٹ فارم سے کیا تاہم جلد ہی وہ اسلامی جمیعت طلبہ کا حصہ بن گئے 1967 میں انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان میں شمولیت اختیار کی 1977 میں وہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے سید منور حسن جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل بھی رہے 2009 میں  امیرِ جماعت منتخب ہوئے2014   تک یہ ذمے داری ان کے کاندھوں پہ رہی  سید منور حسن حق گو اور بے باک شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی درویش صفت انسان بھی تھے ان کی سادہ زیستی کی ایک جھلک دیکھئے کہ جب انکی بیٹی شادی ہوئی تو انہوں نے باقاعدہ دعوت ناموں پہ لکھا کہ مہمان حضرات کوئی تحفہ ساتھ نہ لائیں اس کے باوجود ڈھیروں تحائف جمع ہوئے جن میں سونے کے زیورات بھی شامل تھے لیکن سید منور حسن جیسے ہی شادی کے معاملات سے فارغ ہوئے انہوں نے وہ سب تحائف اٹھا کر جماعت کے بیت المال میں یہ کہ کر جمع کرا دیئے کہ یہ تحائف منور حسن کو نہیں بلکہ امیر جماعت اسلامی کو ملے ہیں اس لیئے ان پہ جماعت کا حق ہے۔

سید منور حسن مرحوم کی زندگی کا ایک روشن پہلو  اتحاد بین المسلمین کے لیئے انکی کاوشیں تھیں انہوں نے مولانا شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد مرحوم اور علامہ سید ساجد علی نقوی کے ساتھ مل کر اتحاد و وحدت کے لیئے عملی اقدامات کیے۔

آخر میں مفتی نعیم  مرحوم کے ورثاء علامہ طالب جوہری کے اہلخانہ خصوصا ان کے فرزندان اسد جوہری اور امجد جوہری، سید منور حسن کے ورثاء خصوصا امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور نائب امیر لیاقت بلوچ صاحب کو تعزیت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تمام مرحومین کے لیئے مغفرت کا طلب گار ہوں ۔ 

تحریر: محمد ثقلین واحدی

Msaqlain1412@gmail.com

 

  

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری