اسکردو ائرپورٹ پر چینی فوج کی موجودگی کی افواہیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، پاک فوج


اسکردو ائرپورٹ پر چینی فوج کی موجودگی کی افواہیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی جانب سے گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاک فوج کی اضافی تعیناتی اور چین کی جانب سے اسکردو ایئر بیس کے مبینہ استعمال کا دعویٰ جھوٹا، غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت سے عاری ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فوج کی اضافی تعیناتی سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوے کو سختی سے مسترد کردیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ایسی کوئی نقل و حرکت نہیں ہوئی اور نہ ہی اضافی فورسز کی شمولیت عمل میں آئی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں چینی فوج کی موجودگی کے دعوے کی بھی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج کے اضافی دستوں کی تعیناتی میں کوئی حقیقت نہیں، بھارت کی ہر حرکت کا نوٹس لیتے ہیں اور جواب بھی دیتے ہیں مودی سرکار اپنا بیانیہ شفٹ کرنے کیلئے اس طرح کا پروپیگنڈا کرتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی، 3 سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو گولیوں سے بھون ڈالا، اس سے بڑی بربریت کا عملی مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا، آج یورپی یونین سے مقبوضہ کشمیر پر تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا۔

 یورپی یونین کو تمام صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان نے ہر فورم پر کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کو اٹھایا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے، پاکستان سوپور واقعہ کو بھی ہر فورم پر اٹھائے گا، بھارت نے کشمیر میں انٹرنیٹ بند کیا ہوا ہے، عالمی میڈیا کو کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔

 بھارت کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گی ؟ انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز اٹھانا ہوگی، کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانا انسانی تقاضہ ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری