دنیا بھر میں کرونا وائرس کے حملوں میں تیزی، احتیاطی تدابیرپر عمل کرنے کی تاکید


دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں ایک بار پھر تیزی آ گئی۔ دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے اب تک 5 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد کی اموات ہو چکی ہیں جبکہ 64 لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں کورونا سے مزید 214 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 29 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہو گئی۔

برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 155 افراد کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد برازیل میں اموات کی تعداد 64 ہزار 3 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

روس میں گزشتہ روز کورونا کی وجہ سے 168 افراد کی موت واقع ہوئی جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 74 ہزار سے زائد ہے۔

بھارت میں 6 لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 44 ہزار ایک سو سے بڑھ گئی جبکہ 2 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

برطانیہ میں کورونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو ہے اور کورونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے۔

اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دو لاکھ  41 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

اسپین میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد دو لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

پیرو میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد دو لاکھ 99 ہزار سے زائد ہے۔