گلگت بلتستان؛ الیکشن شیڈول معطل، عدالت میں درخواست دائر


گلگت بلتستان؛ الیکشن شیڈول معطل، عدالت میں درخواست دائر

گلگت بلتستان میں چیف کورٹ نے الیکشن شیڈول کے خلاف دائر درخواست کو قابل سماعت قرار دیدیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چیف کورٹ کے جسٹس علی بیگ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے دوجولائی کو جاری کردہ انتخابی شیڈول الیکشن ایکٹ2017 کی شق 14کے خلاف ہے۔
عدالت نے سماعت کے بعد مختصر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 13اگست تک ملتوی کردی،13اگست کو ڈویژن بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے 2 جولائی 2020 کو انتخابی شیڈول جاری کیا تھا جسکو امیدوار گلگت بلتستان اسمبلی ایڈووکیٹ راجہ شکیل احمد اور ایڈووکیٹ عباس نے چیف کورٹ میں چیلنج کردیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ انتخابی شیڈول الیکشن ایکٹ 2017کی شق 14کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کیا گیا،درخواست میں کہا گیاکہ الیکشن ایکٹ کے مطابق ضروری ہے کہ الیکشن شیڈول سے چار ماہ قبل ووٹر فہرستیں تیارہوں،سیاسی جماعتوں کو ان لسٹ کیا جائے،انتخابی نشانات تیار ہوں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور دیگر عملے کی تقرریاں کی گئی ہوں،پولنگ سٹیشنز کے حوالے سے کام مکمل ہو،انتخابی عملے کو تربیت دی جاچکی ہو،حلقہ بندیاں کرلی گئی ہوں،انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری ٹیکنالوجی کے حوالے سے معاملات فائنل ہوں،درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد جسٹس علی بیگ نے درخواست میں اٹھائے گئے نکات کی بنیاد پر الیکشن شیڈول معطل کردیا۔
عدالت نے اپنے مختصر حکم نامے میں قرار دیاکہ الیکشن شیڈول کا اجرا الیکشن ایکٹ کی شق 14کی خلاف ورزی ہے ،عدالت نے سماعت 13اگست تک ملتوی کردی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری