کراچی؛ سیکیورٹی فورسز کا تین بھارتی جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ


کراچی؛ سیکیورٹی فورسز کا تین بھارتی جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ

پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں سیکیورٹی فورسز نے بھارت کے لئے جاسوسی کے الزام میں تین افراد کوحراست میں لیا ہے۔ 

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، نجی ٹی وی نے خبر دی ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر بھارت کو جاسوسی کرنے والے تین افراد کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق کے الزام میں فائربریگیڈ کے ملازم کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کو انسداد دہشت گردی ونگ نے سوک سینٹر، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ سے گرفتار کیا، ملزمان میں ظفر خان، سفیان اور جاوید میمن شامل ہیں جب کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم ظفر خان ’را‘ کے ایما پر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا، ملزم نے بھارت میں 14 ماہ تک دہشت گردی کی ٹریننگ لی اور ملزم کو دہلی میں محمود صدیقی گروپ نے عسکری تربیت دلوائی، ملزمان کی کارروائیوں کے شواہد بھی ملے ہیں۔
حکام کے مطابق ملزم ظفر کراچی میں شہری حکومت کے محکمہ فائر بریگیڈ کا ملازم ہے اور تعلق ایم کیوایم لندن سے رکھتا ہے، ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے جب کہ ملزم سے جڑے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک کیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ’را‘ سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے 2 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے ہیں جن میں ملزم سفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن مینیجر ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو یہی ملزمان رقوم فراہم کرنے میں ملوث تھے، ملزمان کے ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ائیرپورٹس پر فراہم کردی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری