کراچی؛ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری


پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں 8 سے 9 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے جب کہ مستثنیٰ علاقوں میں تین سے چار گھنٹوں کے لیے بجلی بند کی جا رہی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں گرمی میں اضافہ ہوتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہری بے حال ہیں اور حکومت سے سوال کرتے ہیں کے آخر  ملک کا بڑا شہر بجلی سے کیوں محروم ہے؟

ذرائع کے مطابق  شہر میں بجلی کی مجموعی طلب صرف 2500 میگا واٹ اور رسد 1900 میگا واٹ ہے، نجی پاور پلانٹس سے 300 جب کہ نیشنل گرڈ سے 700 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے اور اس طرح  شہر میں بجلی کی طلب و رسد میں 600 میگاواٹ کا فرق موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شارٹ فال شہر میں دن اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کر کے پورا کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بارش کے بعد بجلی کی ترسیل میں ہونے والی فنی خرابیاں تاحال برقرار  ہیں جب کہ شہر میں گرمی کی شدت میں کمی کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی واضح کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود متعدد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔