عالمی برادری بھارتی جنگی جنون پر مبنی عزائم روکنے کیلئے آگے آئے، علی امین خان گنڈاپور
نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے کشمیری عوام کو ان کے پیدائشی حق خودارادیت سے محروم کررکھا ہے
اسلام آباد: (تسنیم نیوز ایجنسی ) امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت کو جنگی جنون پر مبنی عزائم اور اسے مقبوضہ کشمیر کےعوام کا منصفانہ حق غصب کرنے سے روکنے کےلئے آگے آئے۔
تفصیلات کے مطابق اے پی پی کو دئیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے کشمیری عوام کو ان کے پیدائشی حق خودارادیت سے محروم کررکھا ہے جس کا اقوام متحدہ کی طرف سے وعدہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے پانچ اگست 2019 کو کشمیر کی تاریخ کا ایک اورسیاہ ترین دن قرار دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کےلئے ایک سفیر کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے عالمی توجہ مبذول کرانے کےلئے اس مسئلے کو تمام فورموں پر اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے بعد مسئلہ کشمیر پر اس سے پہلے بات کرنے سے گریزاں ملکوں نے بھی بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاذ مہ دار ٹھہرانا شروع کردیا ہے۔