پی آئی اے؛ استنبول کے لئے پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ
سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ قومی ائرلائن نے دوست ملک ترکی کے لئے پروازیں چلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے ترک حکام کو خط لکھا جس میں انہوں نے ترک حکام کو اس منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا تھا
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک ایئر لائنز نے آئندہ ماہ سے ترکی کے لیے اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اس کے جواب میں ترک ایئر لائنز کے سی ای او نے کہا کہ وہ یہ سن کر خوش ہوئے ہیں کہ پی آئی اے نے استنبول آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ترک ایئر لائنز نے اسپیشل پروریٹ معاہدہ (ایس پی اے) پر نظر ثانی پر اتفاق کیا ہے اور ایس پی اے کی کارکردگی تسلی بخش سطح پر پہنچنے کے بعد کوڈ شیئر کو یکطرفہ سے دو طرفہ معاہدے میں اپ گریڈ کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور معاہدے کے انتظامات کرنے کے لیے ایک تجارتی ٹیم بھی مقرر کی ہے۔
ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا تھا کہ پی آئی اے نے ترکی کے لیے اگست کے پہلے ہفتے سے آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ بنایا بشرطیکہ ترکی کی ایروناٹیکل حکام پروازوں کو چلانے کے لیے اسے متعلقہ اجازت دے۔
اس کے جواب میں ، ترک ایئر لائنز کے سی ای او نے کہا کہ چونکہ کورونا وائرس کا خطرہ برقرار ہے، شراکت داری کو اہمیت حاصل ہوگی، ایئر لائنز کو ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'لہذا ہم دونوں ایئر لائنز کے باہمی فائدے کی خاطر موجودہ تعاون کو بڑھانے کے لیے آپ کی پیش کش کی دل سے قدر کرتے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'آپ کو یہ بھی معلوم ہوگا کہ ہم اپنے جاری کوڈ شیئر اور اسپیشل پروٹریٹ معاہدے کے دائرہ کار میں دائمی باہمی تعاون میں رہے ہیں تاہم دونوں ایئر لائنز کے نیٹ ورکز پر غور کیا جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے معاہدوں کا حجم اور استعمال ہماری توقعات سے کم ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے یقین ہے کہ ہمارے کوڈشیئر پر آپ کے مجوزہ برمنگھم، لندن، میلان، بارسلونا، کوپن ہیگن اور اوسلو پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہمارا تعاون مزید اطمینان بخش منزل تک پہنچ سکتا ہے'۔
انہوں نے کہا 'اس کے علاوہ ہم آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم پہلے مرحلے کے لیے اپنے موجودہ خصوصی پروٹریٹ معاہدے پر پاکستان کے کے استنبول پروازوں کو شامل کرکے دو طرفہ بنیاد کے طور پر اپنے ایس پی اے تعاون پر نظر ثانی کرنے کے لیے تیار ہیں'۔
ڈان اخبار کے مطابق ترک ایئر لائنز کے سی ای او نے ایئر لائنز کے ایس پی اے کی کارکردگی تسلی بخش سطح پر پہنچنے کے بعد کوڈشیئر کو یکطرفہ سے دو طرفہ انتظام میں اپ گریڈ کرنے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ 'حکمرانی کے قواعد و ضوابط کی وجہ سے ہم اسٹار الائنس سے ضروری استثنا حاصل کر سکتے ہیں'۔
انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا 'میں ہمارے تعاون کی ترقی کے لیے اپنی مخلصانہ خواہش کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جلد ہی آپ سے ملاقات کی جائے جب ہماری تجارتی ٹیمیں ہماری باہمی کوششوں کے ذریعے معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہوجائیں گی'۔
ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی کو لکھے گئے خط میں پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے کہا تھا کہ پی آئی اے نے اگست کے پہلے ہفتے سے ترکی کے لیے آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا بشرطیکہ ترکی کے ایروناٹیکل اتھارٹیز نے پروازوں کو چلانے کے لیے متعلقہ اجازت دے۔