پاک افغان سرحد پرفائرنگ،ایک اہلکارجاں بحق
افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ میں پاک فوج کا ایک جوان مارا گیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سرحد پار سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے
پاک افغان سرحد کافی عرصے سے ناامن ہے اور سرحدپار ہونے والے حملوں میں اب تک متعدد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اور عام شہری مارے گئے ہیں۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بھارت کافی سرگرم عمل ہے، بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپورکوشش کررہاہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیع اللہ شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بیمار افغان فوجی کا علاج کیا لیکن اس کے جواب میں افغانستان نے پاکستان کا ایک جوان شہید کر دیا ہے، فوجی جوان سرحد پار سے پاکستان کے علاقے باجوڑ میں فائرنگ سے شہید ہوا۔
گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ پاکستان نے افغان فوجی حکام کی درخواست پر ایک افغان فوجی جوان کا پاکستان میں علاج کر کے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی تھی، آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی عسکری قیادت سے اپنے متاثرہ فوجی جوان کا پاکستان میں علاج کرنے کی درخواست کی تھی۔
پاکستانی حکام نے افغان فوجی حکام کی درخواست قبول کرتے ہوئے ایک افغان فوجی جوان کا راولپنڈی میں واقع سی ایم ایچ اسپتال میں علاج کیا، افغان فوجی صحت یاب ہونے کے بعد طور خم بارڈر کے ذریعے افغانستان واپس روانہ ہو گیاتھا۔






