کلبھوشن سے متعلق نظر ثانی آرڈیننس سینیٹ میں پیش
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن جادھو سے متعلق عالمی عدالت انصاف نظر ثانی آرڈیننس آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے جاسوس کلبھوشن جادھو سے متعلق عالمی عدالت انصاف نظر ثانی آرڈیننس آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے آج کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس میں کلبھوشن سے متعلق عالمی عدالت انصاف آرڈینس سمیت دیگر 6 آرڈیننس بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
وفاقی حکومت کلبھوشن سے متعلق آرڈیننس سینیٹ میں پیش کرے گی جب کہ آرڈیننس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں بھی متحرک ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے آج شام 4 بجے شروع ہونے والے اجلاس کے لیے تمام ارکان کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے کلبھوشن جادھو کی سزا کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس میں حکومت نے ایک درخواست دائر کی ہے جو حال ہی میں جاری کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے تحت دائر کی گئی ہے۔






