کشمیری نوجوانوں کی جرات مندانہ جدوجہد دنیا کیلئے ایک مثال ہے: شہریار آفریدی
ہمیں بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں زمینی صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر اپنا کردار اداکرنے کی ضرورت ہے
اسلام آباد (تسنیم نیوز ایجنسی) کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری نوجوانوں کی جرات مندانہ جدوجہد دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔
پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں نوجوان کشمیری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور اب دنیا اس معاملے پر مداخلت کیلئے تیار ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ عالمی رہنمائوں کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کی پیشکش اس حقیقت کی عکاس ہے کہ کامیابی اب زیادہ دورنہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں زمینی صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر اپنا کردار اداکرنے کی ضرورت ہے جہاں مقامی کشمیریوں کو جیلوں میں بھیجا جارہا ہے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے وہاں بھارتی شہریوں کو لاکر بسایا جارہا ہے۔