قبروں کی کمائی کا بھی احتساب ہونا چاہیے،خواجہ آصف شاہ محمودقریشی پر پھٹ پڑے


یہ غوث اعظم کے نعرے لگا کر اپنے مریدوں کی بالیاں اتار کر جیب میں ڈال لیتے ہیں: خواجہ آصف کا شاہ محمود قریشی پر الزام

تسنیم نیوز ایجنسی: خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں شاہ محمود قریشی کے سامنے ان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قبروں کی کمائی کا بھی احتساب ہونا چاہیے، یہ غوث اعظم کے نعرے لگا کر اپنے مریدوں کی بالیاں اتار کر جیب میں ڈال لیتے ہیں،ان سے پانچ پانچ ہزار کی گڈیاں لیتے ہیں،ان پر قبروں کا ریفرنس بنائیں۔

قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو ایک ریفرنس قبروں کی کمائی کھانے والوں پر بھی بنانا چاہیے۔ قبروں کی کمائی بھی اثاثے میں شامل ہونی چاہیے۔ اگر میرے آمدن سے زائد اثاثے ہیں تو ان کے بھی قبروں کے اثاثے ہیں اس لئے ان پر قبروں کا ریفرنس بنائیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہا کہ جس قسم کی کمائی ہو وہ کمائی بولتی ہے۔ یہ غوث اعظم کے نعرے لگا کر اپنے مریدوں کی بالیاں اتار کر جیب میں ڈال لیتے ہیں۔ لوگوں سے 5،5 ہزار کی گڈیاں وصول کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے نیب سے مطالبہ کیا کہ نیب اس پر بھی ایکشن لے، احتساب کیوں نہیں ہوتا؟ کیوں نہیں ریفرنس بنتا؟ شاہد خاقان، شہباز شریف، سلیمان شہباز اور حمزہ شہباز پر ایک دن میں ریفرنس بن گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کا زوال ہونے والا ہے، یہ قانون خود ان پر آئے گا، استثنیٰ نہیں ملے گا۔  آئندہ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے۔