پاکستان اور بھارت میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے


پاکستان اور بھارت میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی تقریبات متاثر ہوئی ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اور بھارت میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اور ایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

کروناوائرس کے پیش نظر عیدگاہ اور مساجد میں ایس او پیز کا بھی خیال رکھا گیا۔ نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں 7 بجے ہوا، ایس اوپیز کو مدنظر رکھتے ہوئے نمازعید ادا کی گئی، اسلام آباد میں رات گئے موسلادھاربارش کے بعد صبح موسم بھی خوشگوار رہا۔

دوسری جانب گورنرہاؤس پنجاب میں بھی نمازعید کا اجتماع منعقد کیا گیا جہاں گورنر اور وزیراعلیٰ نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ نے سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ دریں اثنا ملک کی سالمیت و ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

بھارت کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں بھی احتیاطی تدابیر کے تحت نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری