جنوبی یمن میں متحدہ عرب امارات اور سعودی گروہوں کے مابین شدید جھڑپیں
سعودی اور متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کے مابین شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے حمایت یافتہ یمنی مفرور صدر کے اہلکاروں اور متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ عبوری کونسل کے عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ دونوں فریقوں نے حال ہی میں لڑائی ختم کرنے کے لئے ایک نئے معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔
سعودی عرب کے حمایت یافتہ " یمنی مستعفی حکومت" سے وابستہ عسکریت پسندوں اور "عبوری کونسل" کے نام سے مشہور عسکریت پسندوں کے مابین جمعہ کی رات فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
یمن کے صوبے ''ابین'' میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ جھڑپوں میں طرفین کے متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی سے وابستہ باغیوں جبکہ متحدہ عرب امارات جنوبی یمن میں ٹرانزیشنل کونسل کے مسلح گروہوں کی حمایت کر رہا ہے اور یہ دونوں گروپ صنعا میں قائم یمن کی عوامی انقلابی حکومت کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔