اب پاک فوج کرے گی کراچی کی صفائی


پاکستان آرمی کی زیلی تنظیم فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو کراچی کے بڑے نالے صاف کر نے کا ٹاسک مل گیا

کراچی (تسنیم نیوز ایجنسی) پاکستان آرمی کی زیلی تنظیم فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو کراچی کے بڑے نالے صاف کر نے کا ٹاسک مل گیا۔ ساتھ ہی ایف ڈبلیو او نالوں کے اطراف موجود تجاوازات کے خاتمے کیلئے بھی سندھ حکومت کی مدد کرے گی۔

 اس فیصلے کا اعلان وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل ھمایوں عزیز اور نیشنل ڈساسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے مابین ایک میٹنگ کے بعد کیا گیا۔ میٹنگ میں وفاقی وزیر براے بحری امور سید علی زیدی، میئر کراچی وسیم اختر اور سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی بھی موجود تھے۔  
مذکورہ میٹنگ کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے اس اعلان کے محض ایک روز بعد کیا گیا جس میں انہوں نے پاک فوج سے کہا تھا کہ وہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو صاف کرنے میں مدد کریں۔

"میں نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین سے کہا کہ کہ وہ فی الفور کراچی جائیں جہاں حالیہ برسات کے بعد صورتحال دگرگوں ہے وہاں صفائی کا عمل شروع کرائیں۔ میں نے پاک فوج سے بھی کہا ہے کہ وہ بھی شہر میں صفائی کے عمل میں مدد کریں۔ " وزیراعظم کا کچھ روز پہلے کے ٹوئیٹ میں کہنا تھا۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے مکینوں کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور حکومت کراچی والوں کی مشکلات کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے این ڈی ایم سے کراچی کے برساتی نالوں کی صورتحال پر ایک تفصیلی ریویو رپورٹ بھی طلب کرلی۔
میٹنگ کے دوران کور کمانڈر کراچی اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ کراچی کے نالوں اور گرین لائن منصوبہ میں موجود ڈیزائن اور فنی نقائص کی اصلاح کیلئے سندھ حکومت کی مدد کریں گے۔ واضح رہے کہ کراچی کا گرین لائن منصوبہ ابھی تک تعطل کا شکار ہے۔

 کور کمانڈر کراچی اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے کراچی کے نالوں کے ساتھ قائم تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی سندھ حکومت کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔