پاکستان میں عید الاضحیٰ کا دوسرا دن،قربانی جاری،آلائشوں کےڈھیر
شہری انتظامیہ کی جانب سے آلائشیں اٹھانے میں انتہائی سستی کا مظاہرہ، لاہورمیں قربانی کی آلائشیں اور کوڑا کرکٹ برساتی پانی میں بہہ گیا۔
تسنیم نیوز ایجنسی: ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا آج دوسرا روز ہے اور مختلف علاقوں میں سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
عوام سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں تاہم اس موقع پر شہری انتظامیہ کی جانب سے آلائشیں اٹھانے میں انتہائی سستی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، سکھر، بنوں سمیت ملک کے بڑے شہروں میں مختلف مقامات پر قربانی کے بعد آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے۔
گزشتہ روز کی آلائشیں تاحال نہیں اٹھائی گئی ہیں جس کی وجہ سے گندگی اور آلائشوں کے ڈھیروں سے تعفن بھی اٹھنے لگا ہے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مطابق کراچی میں عید کے پہلے روز 8 ہزار 933 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں اور دیگر علاقوں سے آلائشیں اٹھانے کا کام مسلسل جاری ہے۔عید الاضحیٰ کے دوسرے روز لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور تو ٹوٹ گیا مگر قربانی کی آلائشیں اور کوڑا کرکٹ برساتی پانی میں بہہ گیا۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ شہر میں عید کے پہلے روز 13 ہزار 500 ٹن سے زائد آلائشیں اکٹھی کی گئیں اور ویسٹ بیگز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔
اسلام آباد میں آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا کام روز کی بنیاد پر جاری ہے، عیدِ قربان کے پہلے روز 54 ہزار آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔
عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ کا دوسرا روز منایا جا رہا ہے۔






