روشنیوں کے شہر کے مکینوں کے مقدر میں عید کے روز بھی اندھیرے


روشنیوں کے شہر کے مکینوں کے مقدر میں عید کے روز بھی اندھیرے

کراچی میں عید الاضحیٰ پر بھی کیبل فالٹس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔

کراچی (تسنیم نیوز ایجنسی): پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیر سے شروع ہونے والی مون سون کی بارشوں نے جہاں نکاسی آب کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے اور شہر اربن فلڈنگ کا شکار ہے وہیں اس سے زیادہ مشکلات کا سامنا کراچی الیکٹرک کے صارفین کو اٹھانا پڑا ہے اور روشنیوں کے شہر کے اکثر باسی عید کی چھٹیوں میں بھی روشنیوں کو ترس رہے ہیں ۔

 کراچی کے مکینوں میں عید الاضحیٰ کے پہلے دن کورنگی، شاہ فیصل اور پہلوان گوٹھ میں بجلی کا 9 گھنٹے طویل بریک ڈاؤن رہا۔

ادھر کے الیکٹرک کا اس بارے میں کہنا ہے کہ گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ خرابی کو دور کرکے بجلی بحال کرنے کی کوشش جاری ہے تاہم کراچی میں کہیں بھی اعلانیہ یا غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں کیبل فالٹ کےمسائل درپیش ہیں۔

چند روز قبل ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کراچی میں درجہ حرارت کم ہونے کے بعد بجلی کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔ کراچی میں بجلی کی طلب 2 ہزار 800 میگا واٹ اور رسد 2 ہزار 500 میگا واٹ ہے جس کے بعد کراچی میں بجلی کا شارٹ فال 300 میگا واٹ رہ گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کے 77 فیصد رہائشی علاقوں میں لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے تاہم لائن لاسز والے علاقوں میں 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری