بھارت میں کورونا کی قہرسامانیاں، وائرس نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو شکار کرلیا، ایک ریاستی وزیر بھی ہلاک
تامل ناڈو کے گورنر، مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق
تسنیم نیوز ایجنسی: بھارت میں کورونا وائرس سنگین صورت اختیار کر گیا، امیت شاہ کورونا میں مبتلا، ایک وزیر ہلاک۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا کے شکار ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ میں ان تمام افراد سے درخواست کرتا ہوں جو گزشتہ چند روز کے دوران میرے قریب رہے، وہ خود کو سب سے علیحدہ کرکے اپنا ٹیسٹ کرائیں۔
وزیر داخلہ امیت شاہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اترپردیش سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون وزیر کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گئی ہیں۔ وزیر کمل رانی ورون کی عمر 62 برس تھی۔ وہ لکھنؤ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں ان کا انتقال ہوا۔
تامل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت بھی کورونا وائرس کے شکار ہو چکے ہیں جبکہ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
بھارت میں آج پچاس ہزار سے زائد لوگوں میں کورونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق اتوار کو 54 ہزار 735 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے 17 لاکھ بھارتی اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں اور ہلاکتیں 38 ہزار 161 تک پہنچ گئی ہیں۔