شام؛ صہیونی غاصب فوج کا فضائی حملہ پسپا، متعدد میزائل فضا میں ہی تباہ
شامی فوج نے دمشق کے مضافات میں اسرائیلی فضائی حملوں کو پسپا کرکے متعدد میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پیر کی شب جنوب مغربی دمشق میں شامی فوج کے فضائی دفاع ںظام نے اسرائیلی فضائی حملوں کو پسپا کرکے متعدد میزائل مار گرایا۔
سانا نیوز نے خبر دی ہے کہ پیر کی رات، صہیونی غاصب فوج نے دمشق کے جنوب مغربی علاقوں پر فضائی حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم شامی فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے تمام میزائل فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن کی جانب سے فائر کیے گئے تمام میزائلوں کو اہداف کو نشانہ بنانے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔
اسی دوران اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے شام کے جنوبی صوبے قنیطرہ کے ''القحطانیہ'' شہر کو نشانہ بنایا۔
صہیونی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے قنیطرہ میں شامی فوج کے کچھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس سے صرف مالی نقصان ہوا ہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔






