کرونا وائرس کو شکست؛ پاکستان میں پابندیاں ختم، عوام سے احتیاط کی اپیل


کرونا وائرس کو شکست؛ پاکستان میں پابندیاں ختم، عوام سے احتیاط کی اپیل

پاکستان میں کرونا وائرس کی کیسز میں خاطر خواہ کمی کے بعد حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلا روکنے کیلئے عائد کی گئی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیاہے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان بھر میں آج سے کاروبار، بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ مالزپر عائد وقت اور ہفتہ وار چھٹیوں کی پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

کیفے، ریسٹورنٹس، تھیٹر اور سینما بھی کھول دیئے گئے ہیں اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوگئی ہے۔ پبلک پارکس، بزنس سینٹرز، بیوٹی پارلرز اور جم بھی کھولنے کی اجازت ہے تاہم شادی حال اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے فیصلوں پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تاہم  سندھ اور پنجاب نے ابھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے پہلے کی صورتحال بحال ہوگئی ہے۔ لاک ڈاؤن ختم ہونے اور پابندیاں ہٹائے جانے کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے قوم سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا کے مکمل خاتمے تک احتیاط لازمی، جہاں بھی جائیں ماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں کورونا سے بچنے کیلئے احتیاط کرنا ہوگی کیونکہ پاکستان کو مشکل سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا تھا اور حکومت پاکستان نے مارچ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن بعد میں تیزی اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری