سعودی عرب؛ نجی اور بین الاقوامی اسکولوں کے پرنسپلز کو برطرف کرنے کا حکم
سعودی حکام نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کو مد نظررکھتے ملک بھر میں تمام نجی اور بین الاقوامی اسکولوں کے پرنسپلز کو برطرف کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے ملک میں موجود نجی اور بین الاقوامی اسکولوں کے پرنسپلز کو برطرف کرکے مقامی افراد کو ان عہدوں پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
'سعودی وزارت تعلیم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ نجی اسکول سعودی عرب کے اہل شہریوں کو اپنے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز تعینات کریں'۔
پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے 'نائب وزیر تعلیم عبدالرحمٰن العاصمی نے تمام تعلیمی اداروں کو فیصلے پر عمل درآمد کے لیے خط لکھا ہے'۔
نائب وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ 'تمام نجی اور بین الاقومی اسکولوں کے پرنسپلز کو 11 اگست 2020 سے سبکدوش کردیا جائے'۔
رپورٹ کے مطابق 'یہ فیصلہ نرسری، پرائمری، مڈل، ثانوی سمیت تعلیم کے تمام درجوں کے لیے مقرر پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز پر لاگو ہوگا'۔
تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ حکومت کی ان ہدایات سے تمام سرمایہ کاروں کو بھی مطلع کردیا جائے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کو معاشی اور بربادی کا سامنا ہے، کرونا وائرس کے پھیلاو، حج کی منسوخی، یمن پر مسلط کردہ جنگ اور تیل کی برآمدات میں کمی کی وجہ سے سعودی عرب شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
سعودی حکام ہزاروں غیرملکی محنت کشوں کو ملک بدر کرچکے ہیں اور ہزاروں ایسے افراد اس ملک میں موجود ہیں جن کو کئی کئی مہینوں سے تنخواہیں نہیں دی گئیں۔