دفاع وطن کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، علامہ ساجد نقوی


دفاع وطن کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، علامہ ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ یوم پاکستان پر عہد کرتے ہیں کشمیری عوام کے تشخص و حقوق کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائےگا

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، علامہ سید ساجد علی نقوی نے 14اگست یوم ا ٓزادی پاکستان پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز اس وقت تاریخ کے انتہائی نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ان حالات میں تحریک پاکستان کا وہ جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے جو تشکیل پاکستان کے وقت تھا جب پرجوش عوامی جدوجہد سے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا.

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہاکہ بانی پاکستان نے فرمایا تھا کہ کشمیر شہ رگ ہے، یوم پاکستان پر عہد کیا جائے کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، تشخص اور جغرافیہ کے تحفظ کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائےگا، ملکی امن و استحکام ، خارجی مسائل کے ساتھ داخلی مسائل و بحرانوں کے خاتمے کےلئے بھی یکسوئی یکجہتی دکھائینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کےخلاف متحدو متفق ہیں، زندہ قومیں ہمیشہ وقار کے ساتھ جیتی ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ ارض پاک کو آزاد ہوئے 7 دہائیوں سے زائد عرصہ بیت چکا لیکن افسوس ہم ابھی تک داخلی طور پر اتنے مضبوط نہیں ہوئے جو وقت کا تقاضا تھا، ہمیں یوم آزادی کے موقع پر ان مسائل اور تلخ ماضی سے صرف نظر نہیں کرنا چاہیے بلکہ مسائل کے حل اور مشکلات کے خاتمے اور درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے نئے عزم کے ساتھ جدوجہد کاآغاز کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان کو ترقی، خوشحالی، استحکام اور مضبوطی تب حاصل ہوسکتی ہے جب ملک میں عادلانہ نظام کا نفاذ کیا جائے، ظلم، ناانصافی اور طبقاتی تفریق اور توازن کی ظالمانہ پالیسی کو ختم کیا جائے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، ملک سے بے روزگاری، رشوت ستانی، جہالت، فحاشی، عریانی، ناانصافی کا خاتمہ کیا جائے، اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، تمام طبقات کے درمیان قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، جب تک ہم مذکورہ بالا تمام امور پر سختی سے عمل پیرا نہیں ہوتے، اس وقت تک ہم داخلی استحکام کی جانب گامزن نہیں ہوسکتے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری