اھل پنجاب ہوشیار باش! کورونا وائرس کی دوسری لہرکا پنجاب کا رخ کرنے کا امکان
محکمہ صحت پنجاب نے خطرے کی گھنٹی بجادی، 15 روز میں کرونا کیسز بڑھنے کا الرٹ جاری کردیا۔
تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نےلوگوں کا ایس اوپیز پر عمل درامد نہ کرنے کی بنا پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پنجاب میں کورونا کی دوسری لہر آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا کی وبا کا خطرہ ایک بار پھر منڈلانے لگا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بازاروں، مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز میں خریداروں کا رش معمول پر آ گیا لیکن لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر محکمہ صحت پنجاب نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ صحت نے صوبے کے تمام کمشنرز اور آر پی اوز کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں سست روی دکھائی جا رہی ہے، مارکیٹوں، بازاروں ، شاپنگ مالزمیں کورونا ایس اوپیز پر عمل نہیں کیاجارہا۔ سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔
خیال رہے صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 188 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کرونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ صوبے میں کرونا وائرس سے اب تک ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 182 ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک 8 لاکھ 24 ہزار 250 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، صوبے میں کرونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 86 ہزار 441 ہوچکی ہے ۔