چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے کیا بڑا اعلان
نوجوانوں کو 3 ماہ کی مخصوص انٹرن شپ کی پیشکش، وظیفہ بھی دیا جائے گا: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ
تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو 3 ماہ کی مخصوص انٹرن شپ کی پیشکش کی گئی ہے اور پہلی انٹرن شپ کا بروشر جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے نوجوانوں کے لیے سی پیک انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان 3 ماہ کی مدت کے لیے سی پیک اتھارٹی میں رہ کر تجربہ حاصل کریں اور ساتھ میں وظیفہ بھی حاصل کریں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سی پیک کے تحت انٹرن شپ پروگرام کاآغازکردیا گیا ہے، انٹرن شپ کےآغاز پر خوشی ہے، یہ قومی منصوبہ اور نمو میں اضافے کا باعث ہے، انسانی و سماجی ترقی ہماری ترجیح ہے، 60 فیصد نوجوان آبادی، ملک کی ترقی کا پیش خیمہ ہیں۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کواختیارات سونپ کرنوجوان قیادت کوترقی دی جارہی ہے، نوجوانوں کو 3 ماہ کی مخصوص انٹرن شپ کی پیشکش کر رہے ہیں، پہلی انٹرن شپ کا بروشر جاری کردیا گیا ہے، انٹرن شپ پروگرام میں تمام اہل پاکستانی اپلائی کرسکتے ہیں۔
اس انٹرن شپ میں اپلائی کرنے کے لیے امیداوار کا30 سال سے کم ہونا لازمی ہے۔
کسی بھی مضمون میں بیچلر ڈگری کا ہونا لازمی ہے۔
انٹرن شپ پروگرام کے لیے کسی قسم کے تجربے کی ضرورت نہیں۔
تحقیق کے شعبے میں مہارت رکھنے والے نوجوان جو لکھنے میں مہارت رکھتے ہوں وہ اپلائی کر سکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر100 لوگوں کو انڑن شپ میں شامل کیا جائے گا۔ ماہانہ رقم کی صورت میں وظیفہ دیا جائے گا نیزمختلف شعبہ جات اور انڈسٹریز میں انٹرن شپ کرائی جائے گی۔
خواہشمند افراد منگل 18 اگست تک www.cpecauthority.gov.pk کی ویبسائٹ پر اپلائی کر سکتے ہیں۔






