یو اے ای اور اسرائیل میں محبت کی پینگیں پروان چڑھنے لگیں، دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی فون سروس کی شروعات
یو اے ای نے ملک میں بلاک تمام اسرائیلی ویب سائٹس بھی بحال کردیں، اسرائیلی وزیر مواصلات کا خیر مقدم
تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور صیہونی غاصب ریاست اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد ان کے مابین محبت کی پینگیں مزید پروان چڑھنے لگی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی فون سروس کی شروعات ہوچکی ہیں۔
صیہونی ریاست کی ایک نیوز ایجنسی نے یہ لکھا کہ " معاہدے کے اعلان کے ایک گھنٹہ کے بعد اماراتی عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان نے اپنے اسرائیلی ہم منصب گبی اشکنازی کو فون کیا ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے رسمی طور پر آغاز کے بعد، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین ٹیلیفون سروس نے اتوار کے روز سے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ معاہدے سے قبل متحدہ عرب امارات سے اسرائیل ٹیلی فون کال کرنے کی سہولت موجود نہیں تھی۔
ایسوسی ایٹ پریس کے ایک صحافی کے مطابق یروشلم اور دبئی اب اس قابل ہوگئے ہیں کہ ایک دوسرے سے ٹیلیفون اور سیلولر فونز کے ذریعے رابطے استوار کر سکیں اور یہ بھی بتایا کہ اسرائیل کا کنٹری کوڈ 972+ رجسٹرڈ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بلاک کی گئی متعدد اسرائیلی ویب سائٹس بشمول ٹائمز آف اسرائیل ، یروشلم پوسٹ اور دیگر متعدد ویب سائٹس کو کھول دیا گیا ہے اور ہر شخص کی ان ویب سائٹس تک رسائی بغیر کسی وی پی این کے بحال کردی گئی ہے۔ اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری ایک بیان میں اسرائیل کے وزیرِ مواصلات یوز ہینڈل کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے یہ اقدام اہم ہے۔ اسرائیلی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ بلاک کی گئی اسرائیلی ویب سائٹس کو کھولنے کے اس اقدام پر متحدہ عرب امارات کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ یوز ہینڈل کے بقول اب دونوں ممالک کے درمیان معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔
صیہونی وزیر نے مزید کہا کہ، "اب بہت سارے معاشی مواقع کھلیں گے ، اور اعتماد سازی کے یہ اقدامات ریاستوں کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اہم قدم ہیں"۔
اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جمعرات کے روز امریکہ کے ذریعے ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی کے علاوہ تجارت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو بھی فروغ دیں گے۔
اس پر اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک ٹھوس معاہدے کے تحت مکمل سفارتی تعلقات استوار کر رہے ہیں۔