24 اگست سے کراچی میں بڑے نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کا اعلان، اسد عمر


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ وفاقی، سندھ حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور ترقی کے لئے اپنی پوری کوشش کرے گی۔

وہ ہفتے کی شام  کراچی میں وینتھلی میمن ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے لئے اہتمام کی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ 

اسد عمر نے کہا کہ آج یہاں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر کے روز سے شہر کے بڑے نالوں پر تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ جن میں گجر نالہ ، لیاری اور کورنگی نالہ شامل ہیں۔

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مرکزی نالوں کی صفائی کا کام سونپا گیا تھا تاکہ مستقبل میں بارش کے پانی کی مناسب نکاسی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ کراچی شہر کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے کے لئے کئی سو ارب روپے کی ضرورت ہوگی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس بوجھ کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ سطح تک بانٹنے کے لئے تیار ہے۔ 

انہوں نے زور دے کر کہا، حکومت سندھ کو میدان میں اترنا ہوگا۔  انہوں نے وعدہ کیا، "ہم بحیثیت ٹیم یہ کام کریں گے۔"

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے ایسوسی ایشن آف بولڈرز اینڈ ڈویلپرز کے چیئرمین محسن شیخانی کی تقریر کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ذاتی طور پر تعمیرات اور رہائش کی صنعت کو فروغ دینے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور باقاعدگی سے پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ، "وزیر اعظم تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لئے ہاؤسنگ سے متعلق کوآرڈینیشن کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرتے ہیں۔"  اپنی مستقل کوشش کے بعد وزیر اعظم پاکستان COVID-19 وبائی امراض کی وجہ سے سخت معاشی صورتحال کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مراعات / حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے یقین دلایا کہ رہائش اور تعمیراتی صنعت معیشت کو مضبوط بنانے میں بڑا کردار ادا کرسکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مختلف شعبوں میں بنیادی طور پر تعلیم اور صحت میں میمن برادری کے چیریٹی اور سماجی خدمات کی تعریف کی۔

 چیئرمین آباد محسن شیخانی نے رہائش اور تعمیراتی صنعت میں غیر معمولی تعاون اور سہولت فراہم کرنے پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔

 انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی ایسوسی ایشن کے ممبران حکومت سے مکمل تعاون کریں گے اور پانچ ملین سے کم لاگت پر ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کرنے کے اُنکے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں عمران خان کی مدد کریں گے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے کراچی کی تعمیر میں نجی شعبے کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔

تقریب سے سرپرست اعلیٰ وینتھلی میمن ایسوسی ایشن منصور میمن، ایسوسی ایشن کے صدر ہارون قاسم، صدر میمن پروفیشنل فورم ابراہیم قاسم اور آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر ایم حنیف موٹلانی نے بھی خطاب کیا۔