عوامی مسائل سے چشم پوشی حکومتی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، علامہ ناصر عباس


مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عوامی مسائل سے چشم پوشی حکومتی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سندھ میں شدید بارشوں کے باعث ناگفتہ بہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا سنجیدگی سےجائزہ لیناہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاق کی کھینچا تانی اور اختیارات کی جنگ نے عوام کو خواہ مخواہ دربدر کر رکھا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ریاست کی ترجیحی ذمہ داری ہے، حکومت ہنگامی بنیادوں پر تمام شاہراوں اور جلوس کی گزر گایوں کی مکمل صفائی کا انتظام کرے۔

انہوں نے پنجاب اور سندھ میں معتدل اور اتحاد بین المسلمین کے داعی شیعہ علما پر پابندی کو غیر منصفانہ طرز عمل قرار دیا۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ انتظامیہ کو اس حوالے سے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔