کراچی میں مون سون بارشوں نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی


پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے لاکھ شہری بری طرح متاثر ہوچکے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان کے صنعتی شہر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، حادثات و واقعات میں 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر صائمہ اسکوائر کی دیوار گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں 4 بچے، 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزوئی کے مطابق دیوار کے ملبے تلے دبنے والے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

علاقہ مکینوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آسمانی بجلی گری جس کے نتیجے میں دیوار گرنے سے ہلاکتیں ہوئیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ دو گھنٹے سے زائد ریسکیو اداروں کو امدادی کارروائیوں کے لیے فون کرتے رہے لیکن کوئی مدد کو نہیں پہنچا، اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں کو نکالا گیا۔

پولیس کے مطابق لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔