کراچی میں آج سے پیر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے نشیبی علاقے دوبارہ زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہرمیں اشیائے خورونوش سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین بھی متاثر ہے۔
شہر کے متعدد فیول سٹیشن پر بجلی اور تیل کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی کے باڑوں سے دکانوں تک دودھ کی فراہمی بھی متاثرہے۔موسلادھاربارش نے شہرکا نظام درہم برہم کردیا ہے۔ بجلی کی بندش اورموبائل سروس متاثرہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے باعث مختلف سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ لیاقت آباد 10 نمبر پر مال بردار ٹرک سڑک پر دھنس گیا اور حسن سکوائر کے قریب بھی کوچ گڑھے میں دھنس جانے کی اطلاع ہے۔
حسن سکوائر جانے والی سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے۔
جوہر چورنگی، منور چورنگی، لیاقت آباد، کے ڈی اے کی سڑکوں پر پانی موجود ہے۔ لانڈھی،ناگن چورنگی ، کورنگی کازوے ندی اورقائدآباد کی سڑکیں بھی زیر آب ہیں۔
کارساز، ناتھا خان روڈ اورڈرگ روڈ انڈر پاس میں بھی پانی جمع ہے۔






