پاکستان نے کرونا وائرس کی وباء پر کامیابی سے قابو پا لیا: وزیر خارجہ


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے محدود وسائل کے باوجود کرونا وائرس کی وباء پر کامیابی سے قابو پا لیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے وباء کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے متاثرہ علاقوں میں وزیراعظم کی سمارٹ لاک ڈائون کے نفاذ کی حکمت عملی کو سراہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں اب کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد نہایت قلیل ہے اور روز بروز صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران وباء کے پھیلائو کو روکنے کیلئے قواعد و ضوابط اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام متعلقہ اور قانون نافد کرنے والے ادارے محرم الحرام کے دوران امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔