پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا +تصاویر


پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا +تصاویر

پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات میں علم و ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ امام حسین علیہ السلام و جانثاران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ایرانیہ حسینیہ پر اختتام پذیر ہوا۔

سیکیورٹی خدشات کے تحت ملک بھر کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی تھی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔

ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے فرائض سر انجام دے رہی ہے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار 368 اہلکار اور ریپڈ ری ایکشن فورس (آر آر ایف) کی 3 کمپنیز تعینات کی گئی ہیں۔

یوم عاشور پر قیام امن کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کےخصوصی انتظامات کیے گئے تھے، شہروں، قصبوں اور دیہات میں علم و ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 90 اسنائپرز جلوس کے اطراف تعینات کیے گئے ہیں، 513 مجالس اور 281 جلوس کے لیے 12 ہزار 455 افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بھی یوم عاشور کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پشاور میں مرکزی جلوس 3 بجے امام بارگاہ حیدر شاہ سے برآمد ہوا اور مقررہ مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

ایس ایس پی کے مطابق پشاور بھر میں ایک درجن سے زائد چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے، شہر میں 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، 109 سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔

شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی تھی جو جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

بھارت میں میں سپریم کورٹ کے حکم پر ملک کے اکثر علاقوں میں تعزیئے کے روایتی جلوس برآمد نہیں ہوئے، لیکن لوگوں نے اپنے گھروں میں شب عاشور شب بیداری کی اور گھروں میں عزاداری کا سلسلہ عاشور کو پورے دن جاری رہا۔

افغانستان، لبنان، شام، بحرین اور کویت سمیت دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی آج یوم عاشور منایا گیا۔ مذکورہ ممالک میں بعض شہروں میں مجالس عزا کے محدود اجتماعات کے بعد روایتی جلوس عزا بھی برآمد کیے گئے ۔

ادھر اسلامی جمہوریہ ایران بھی یوم عاشور کے موقع پر سیاہ پوش ہے اور ملک کے تمام شہروں اور قریوں میں وزارت صحت کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مجالس عزا برپا ہوئیں اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے گیے ہیں۔

 اس سال کورونا کی وجہ سے عزاداری کے اجتماعات امامبارگاہوں اور مساجد کے بجائے کھلی فضا میں منعقد کیے گئے۔

مشہد مقدس میں بارگاہ علی ابن موسی الرضا علیہ السلام ، قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا، شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ، تہران میں حضرت امام زادہ صالح اور رے میں حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی علیھم السلام کے روضوں سے متصل کھلے صحنوں میں ہزاروں ماتمی دستے میڈیکل پروٹوکول اور سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے داخل ہوئے اور مقررہ مدت تک نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے رہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری