فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لوں گا، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عاشورہ پر فرقہ واریت کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی اطلاع ملی تھی، فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے پرامن اختتام پر قوم کا مشکور ہوں۔
دوسری جانب عاشورہ پر بہترین سیکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو شاباش دی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت ہر شہر میں امن عامہ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج، رینجرز، انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کابینہ کمیٹی اراکین نے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا، آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور پر شہر شہرماتمی جلوس، تعزیے، شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس نکالے گئے۔
اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات بہترین رہے اور کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اسلام اور ملک دشمن عناصرفرقہ واریت پھیلا کر ملک کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں سادہ لوح عوام کو ایک دوسرے کے مقدسات کی توہین کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
پاکستانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے میں ہمیشہ بیرونی قوتیں ملوث رہی ہیں۔






