کراچی کے گجر نالے پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، متعدد مکانات مسمار


پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیالہ ہوٹل کے قریب گجرنالے کے اطراف پہلے مرحلے میں باڑے، دکانیں اور دیگر تجاوزات گرائی جا رہی ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ سوئی گیس اور کے الیکٹرک کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق ندی نالوں کے دونوں طرف 30 فٹ کی جگہ کلیئر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شہر میں ندی نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن کا پہلا مرحلہ آج سے شروع کیا گیا ہے ، آپریشن کا آغاز گجر نالہ سے ملحق آبادی سے ہوا ہے ۔

گزشتہ شب ایف سی ایریا کی مساجد سے اعلان کیا گیا کہ ڈی سی سینٹرل کی ہدایت ہے کہ تمام مکین بدھ کی صبح 7 بجےگھر خالی کرکے سامان کے ساتھ دوسری جگہ منتقل ہوجائیں جس کے بعد آپریشن شروع ہوجائے گا۔

مساجد سے ہونے والے اعلانات کے بعد ان علاقوں کے مکینوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی، لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور احتجاج کیا۔

پہلے مرحلےمیں پنجاب کالونی، کرسچن کالونی ، ایف سی ایریا، کے علاوہ موسی کالونی اور مجاہد کالونی کے کچھ علاقے بھی شامل ہیں جن کے مکانات بدھ کو مسمار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ شہر میں گزشتہ کئی سالوں سے لاقانونیت کا راج ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں اور دیگر سرکاری زمینوں پر قبضے کیے جاتے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی رہتی ہے۔

مشکل پیش آنے کے بعد ناجائز مکانات گرائے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں حکومت اور شہری دونوں کو مالی نقصان کرنا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اگرحکومت کے پاس نظام ہو اورسرکاری زمینوں پر ابتدا میں ہی قبضہ کرنے کی اجازت نہ جائے توشہر ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔