آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان ہوگا، اسد عمر


مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی پہنچتے ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے شہر کا فضائی جائزہ لیا۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق،  وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، فلاحی کاموں میں سیاست آڑے نہیں آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ آج انشاءاللہ وزیر اعظم کسی بھی شہر کے لئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔

کراچی کے لئے یہ تاریخی کام، وفاق اور صوبائی حکومتیں اشتراک سے کریں گی. عوام کے ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں سیاست آڑے نہیں آئے گی. سندھ کے دوسرے علاقوں میں بھی ایسے ہی کام ہوگا۔

وزیر اعظم کے گورنر ہاؤس پہنچنے کے بعد کراچی انفارمیشن کمیٹی کے اراکین گورنر ہاؤس پہنچے۔

کراچی کیلئے ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا جائے گا جس میں شہر کے نالوں کی صفائی، نکاسی آب اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ صاف پانی اور ٹرانسپورٹ کیلئے بھی وفاق فنڈز دے گا۔

وزیراعظم کی گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔ وزیر اعلی سندھ آج دوپہر گورنرہاوس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی میں وفاقی وزرا، این ڈی ایم اے کے حکام اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بھی ہمراہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے اراکین اسمبلی، اتحادی جماعتوں کے رہنما اور ممتاز تاجر و کاروباری شخصیات کی بھی ملاقات ہو گی اور  این ڈی ایم اے کے حکام وزیراعظم کو شہر کی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔

وزیراعظم اپنے دورہ کراچی میں کراچی کے ساتھ پورے صوبہ سندھ کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ پیکج اربوں روپے مالیت کا ہوگا۔ عمران خان کی جانب سے کراچی کی بحالی کے لیے شارٹ ٹرم ،مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پیکجوں کا اعلان متوقع ہے۔

وزیراعظم جن پیکجوں کا اعلان کریں گے ان میں شہر کی صفائی، نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے منصوبے، صاف پانی کی فراہمی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کا اعلان متوقع ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جن منصوبوں کے اعلانات کیے جائیں گے ان میں متاثرہ کاروباری طبقات بھی مستفید ہوں گے۔