وزیراعظم کی زیرصدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس، 11 سو ارب روپے کا اعلان


وزیراعظم کی زیرصدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس، 11 سو ارب روپے کا اعلان

وزیراعظم کی صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزراء اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی اور امین الحق بھی شریک ہوئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کراچی کے لیے 11 سو ارب روپے کا پلان لے کر آئے ہیں جو کہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں وزیراعظم نے بتایا کہ کراچی کے مسائل کے حوالے سےاجلاس میں تفصیلی گفتگو ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کےمسائل کو مستقل بنیادوں پرحل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے نے مل کر کراچی کے لیے 11 سو ارب روپے کا پیکج ترتیب دیا ہے جس کے تحت کراچی میں پینے کے پانی، سیوریج سسٹم، سولڈ ویسٹ، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں سیوریج سسٹم مکمل طورپر ٹھیک کیا جائے گا  اور سرکلر ریلوے بحال کی جائے گی جب کہ کوشش ہوگی پانی کا مسئلہ تین سال میں حل کر لیا جائے، پانی کے کے فور منصوبے کا ایک حصہ وفاق اور ایک حصہ سندھ حکومت مکمل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے جو تباہی سمیت دیگر مسائل کو ایک ہی دفعہ حل کرنےکافیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف اداروں کی مداخلت ہے اس لیے  فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے کمیٹی بھی قائم کردی گئی  جس میں  تمام اسٹیک ہولڈرز ایک جگہ پر ہوں گے۔

بریفنگ سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی اور امین الحق بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور  وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

قبل ازیں کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ کراچی آئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری