ملک کو لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، عمران خان


ملک کو لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا اور ملک کو لوٹنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران ایف اے ٹی ایف سے قانون سازی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بابراعوان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی صحت فیصل سلطان اور صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے ملاقات کی اور پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی میں خیبر پختونخوا کے طرز پر توسیع کے امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم سے آسٹریلیا کے فورٹیسکیومیٹلز گروپ کے چیئرمین اینڈریو فوریسٹ نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کورونا کے بعد معیشت کی بحالی اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاوَن کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی پالیسی پر گامزن ہے اور لاک ڈاوَن کے دوران احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں تک امداد فراہم کی۔

اینڈریو فوریسٹ نے وبا سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کیا اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری سے پاکستان میں ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری