مہمند ایجنسی: کان بیٹھ جانے سے 17 مزدور جاں بحق


مہمند ایجنسی: کان بیٹھ جانے سے 17 مزدور جاں بحق

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں ماربل کی کان بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 17 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، نو مزدوروں کو زخمی حالت میں نکالنے کے بعد علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو کے مطابق ملبے سے 14 مزدوروں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور ڈی جی ریسکیو مہمند کی تحصیل صافی پہنچ گئے ہیں جہاں پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

ڈی جی پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ ملبے سے 17 لاشوں کو نکالا گیا جب کہ 9افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مز ید افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپر یشن جاری ہے جبکہ  ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔

یہ افسوسناک سانحہ کے پی کے ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں پیش آیا ہے جہاں زیارت ماربلز کی کان بیٹھی ہے۔

کان بیٹھنے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور امدادی رضاکار ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں لیکن انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

علاقہ ڈی پی او کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملبہ بہت زیادہ ہے اور ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی پی اومہمند کا کہنا ہے کہ ملبے میں بڑے بڑے پتھر موجود ہیں جنہیں صرف ہیوی مشینری کی مدد سے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری