جنسی زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دینی چاہئے: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے جنسی زیادتی کرنے والوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زیادتی کے مجرموں کو مردانہ صلاحیت سے محروم کردیا جائے ایسے مجرموں کی سرجری کرکے ناکارہ بنا دینا چاہیے تاکہ وہ کسی کے ساتھ عمر بھر زیادتی ہی نہ کر سکیں۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ سانحہ موٹروے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بچوں کے سامنے جو ہوا اس سے صدمہ پہنچا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ زینب کیس کے بعد آئی جی نے جو رپورٹ پیش کی تو آئی جی نے بتایا کہ پاکستان میں جنسی کرائم خطرناک حد تک بڑھتے جا رہے ہیں۔ خواہ وہ بچوں سے متعلق کیسز ہوں یا خواتین سے متعلق، یہ سوسائٹی میں پھیل چکا ہے۔
یورپ میں جو بچوں سے زیادتی کرتا ہے اس کا پورا ریکارڈ رکھا جاتا ہے لیکن یہاں پر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس طرح کا کوئی سسٹم موجود نہیں، بچوں سے زیادتی کے مجرموں کا پیچھا کیا جائے۔
ریپ اور بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو چوک پر لٹکانا چاہیے۔ سرعام پھانسی دینی چاہیے، اس طرح کے مجرموں کو جنسی صلاحیت سے محروم کر دینا چاہیے، سانحہ گجرپورہ کا ملزم پہلے گینگ ریپ کر چکا تھا لیکن آزادانہ گھوم رہا تھا اس طرح کے لوگوں کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فحاشی سے معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں۔ ہمارے پاس فیملی سسٹم ہے۔ یورپ اس معاملے پر پاکستان سے پیچھے ہے۔
ہندوستان کی چالیس سال پہلے کی فلمیں اور آج کی فلموں میں بہت فرق ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا موجودہ آئی جی پرفارم کریں گے تو رہیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قائداعظم فلسطین کے ساتھ کھڑے تھے ہمیں بھی ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔ کراچی کو ٹھیک کرنا بہت ضروری ہے۔
پنجاب اور کے پی کے میں جو لوکل گورننس سٹم آرہا ہے وہ پاکستان کی تاریخ کا بہترین سسٹم ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں ایم ایل ون ریلوے منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
اس منصوبہ کی تکمیل سے مواصلات کے شعبہ میں انقلاب آئے گا اور پاکستان کو اس کی سٹرٹیجک حیثیت کا فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اگلا مرحلہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا ہے۔ افغان امن مذاکرات کی کامیابی میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ یہاں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کیلئے معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔






