ایرانی وزیرخارجہ سے افغان قائم مقام وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ


ایرانی وزیرخارجہ سے افغان قائم مقام وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ

افغان قائم مقام وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی۔

اس گفتگو میں افغان امن عمل کی تازہ ترین صورتحال اور اس میں ھمسایہ ممالک کے کردار سمیت باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ملکوں کے درمیان جامع تعاون معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے افغان انٹرا ڈائیلاگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغان امن عمل میں ہر طرح کی مدد و تعاون کے لئے تیار ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے بھی دوحہ میں ہفتہ کے روز انٹرا افغان مذاکرات شروع ہونے کے موقع پر اس کا خیر مقدم کیا اور افغانوں کے مابین غیر ملکی مداخلت کے بغیر مذاکرات پر زور دیا تھا۔

اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ علاقائی اور عالمی سطح پر ایک موثر ملک کی حیثیت سے ہمیشہ علاقے کے بحرانوں خاص طور سے افغانستان کے بحران کو سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتا رہا ہے۔

 

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری