پاکستان میں کورونا سے مزید9 افراد جان کی بازی ہارگئے
عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید9 افراد جان کی بازی ہار گئے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد6ہزار408 ہوگئی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ جون کو سب سے زیادہ ایک سو تریپن اموات رپورٹ ہوئیں لیکن اب کورونا کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 752نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد3 لاکھ4 ہزار 386 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے2 لاکھ91ہزار683 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 6 ہزار295 رہ گئی ہے۔
سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار125 ہوگئی ہے۔ پنجاب 98 ہزار142، خیبرپختونخوا میں37 ہزار242، بلوچستان میں 13 ہزار991، اسلام آباد میں 16 ہزار33، آزاد جموں و کشمیر میں 2 ہزار472 اور گلگت میں 3 ہزار381 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار225 اور سندھ میں 2 ہزار 455 اموات ہو چکی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 257، اسلام آباد میں180، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں80 اور آزاد کشمیر میں66 ہو گئی ہے۔
پاکستان کے 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اور اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرزکی تعدادایک ہزار920 ہے۔
ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔






