پاکستان بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز


پاکستان بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

رواں برس کے دوران پاکستان میں اب تک پولیو کے 73 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں

پاکستان بھر میں آج (پیر) سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جس کے دوران 2 لاکھ 75 ہزار ورکرز 5 سال تک کی عمر کے 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔

اس ضمن میں ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے والدین سے درخواست کی کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے پولیو ٹیمز کے ساتھ تعاون کریں۔

پاکستان پولیو ایریڈکیشن پروگرام کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ فروری کے بعد پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم ہے جو 21 ستمبر سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس کے دوران ملک میں اب تک پولیو کے 73 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ برس پولیس کے 147 کیسز سامنے آئے اور 2018 میں یہ تعداد 12 تھی۔

صوبائی اعدادو شمار کے مطابق خیبرپختونخوا اور سندھ میں اب تک 22، 22کیسز سامنے آچکے ہیں، بلوچستان میں کیسز کی تعداد 20 ہے جبکہ پنجاب میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔

 

خیال رہےکہ پولیو ایک انتہائی متعدی مرض ہے جو پولیو وائرس سے ہوتا ہے اور 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو اپنا شکار بناتا ہے، یہ اعصابی نظام پر حملہ آور ہو کر فالج اور موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

پولیو کا کوئی علاج نہیں اور ویکسینیشن ہی بچوں کو اس سنگین بیماری سے محفوظ رکھنے کا سب سے موثر طریقہ ہے۔

متعدد مرتبہ ویکسینیشن سے لاکھوں بچے پولیو سے محفوظ ہوچکے ہیں اور دنیا کے تقریباً تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

دنیا میں اب صرف دو ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں جہاں اس بیماری کے کیسز اب بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری