لندن میں بیٹھا مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کررہا ہے، وزیراعظم


لندن میں بیٹھا مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کررہا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے ن لیگ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی

پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں، لیبیا عراق شام جیسے ممالک کمزور فوج کے باعث تباہ ہوئے،ن لیگ نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دیا، اقوام متحدہ اجلاس سے پہلے پاک فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کیخلاف سرگرم عمل ہے۔

نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال ،اپوزیشن کی اے پی سی اور قرارداد کا جائزہ لیاگیا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ  ملک کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کی جارہی ہے،بھارت پاکستانی اداروں اورملک میں عدم استحکام چاہتا ہے،بھارت جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ایک بار پھر لندن میں بیٹھا مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کررہا ہے، نوازشریف کی تقریر اور ٹائمز آف انڈیا میں چھپی خبر کا ایجنڈا ایک ہے ،نوازشریف کی تقریر کے بعد پاکستانی اداروں کیخلاف بھارتی میڈیا زیر اگل رہا ہے ،ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ن لیگ نے ہی عدلیہ پر حملہ کیا، قوم نے جسٹس قیوم کی ویڈیو سنی ہوئی ہے،ہم عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک پر جب بھی کوئی آفت آئی فوج نے قوم کا ساتھ دیا ٹڈی دل کا حملہ ہوا توفوج نے اہم کردار ادا کیا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری