اماراتی جہازپرایرانی حدود استعمال کرنے پربھاری جرمانہ


اماراتی جہازپرایرانی حدود استعمال کرنے پربھاری جرمانہ

امریکا نے اسلامی جمہوریہ ایران کے فضائی حدود استعمال کرنے پر ایمریٹس ائیر لائن کو 4 لاکھ ڈالرز جرمانہ کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے عالمی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ امریکا نے متحدہ عرب امارات کی سرکاری ائیر لائن ایمریٹس ائیر پر 4 لاکھ ڈالرز کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شدید سیاسی اختلافات کے دوران ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے پر ایمریٹس ائیر لائن پر جرمانہ عائد کیا گیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اگر ائیرلائن ایک سال کے اندر دوبارہ ایسی غلطی نہیں کرتی تو اس کا آدھا جرمانہ معاف ہو جائے گا۔

امریکا کی ایوی ایشن انتظامیہ نے فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی ایران کی جانب سرویلنس ڈرون مار گرائے جانے کے باعث عائد کی تھی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایمریٹس ائیر لائن کی نیو یارک جانے والی پرواز نے جیٹ ائیرویز کی پرواز کا کوڈ استعمال کیا، حالانکہ جیٹ بلیو کی پرواز صرف اسی صورت میں یہ کوڈ استعمال کر سکتی ہے اگر طیارہ جیٹ بلیو کا ہی ہو۔

دوسری جانب ایمریٹس ائیر لائن کی انتظامیہ کا کہنا ہے وہ نہیں سمجھتے کہ ان کی پرواز سے کوئی خلاف ورزی سرزد ہوئی لیکن معاملے کے حل کے لیے ان کی کمپنی جرمانہ ادا کرنے پر رضامند ہے۔

ایمریٹس انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ جب امریکا سے دوبارہ پروازیں چلانا شروع کیں تو ایرانی فضائی حدود میں غلطی سے جیٹ بلیو کا کوڈ استعمال ہو گیا۔

 

ائیرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مسئلے کو حل کیا تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسی غلطی نہ ہو۔

دوسری جانب امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ وہ ایمریٹس ائیر لائن کی غلطی کو بہت سنجیدگی سے دیکھتے ہیں اور ائیر لائن پر سخت جرمانہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مستقبل میں ایمریٹس یا دیگر ائیرلائنز ایسی کوئی غیر قانونی حرکت نہ کریں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری