شام میں 8سال بعد عمان کا سفیر دوبارہ مقرر


شام میں 8سال بعد عمان کا سفیر دوبارہ مقرر

عُمان نے 8 سال بعد شام میں اپنا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، عمان نے 8 سال بعد شام میں اپنا سفیر مقرر کردیا جسے دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

اس اقدام سے عمان پہلی خلیجی ریاست بن گیا ہے جس نے شام میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد اپنا سفیر مقرر کیا۔

واضح رہے کہ عمان سمیت دیگر خلیجی ممالک نے 2012 میں اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔

دیگر عرب ریاستوں نے اپنے سفارت خانوں کو بند کردیا تھا لیکن عمان نے تنازع کے کئی برس بعد تک سفارتکاری کا راستہ کھلا رکھا۔

خیال رہے کہ عمان علاقائی ممالک کے درمیان غیر جانبداری پر مبنی سفارت کاری کے لیے مشہور ہے۔

عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دمشق میں سفیر کے استقبال کے دوران شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے عمان کی خارجہ پالیسی اور فریقین کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کے لیے تشکر کا اظہار کیا۔

بیان میں عمان کے نئے سفیر ترکی بن محمود البسعدی کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ دونوں برادر ممالک کے مابین باہمی تعاون اور مشترکہ مفادات کے راستوں کو وسعت دینے کے منتظر ہیں۔

چند عرب ممالک جنہوں نے پہلے شام کے صدر بشارالاسد کا بائیکاٹ کیا تھا، اب وہ اس کی حکومت کے ساتھ خاموشی سے رابطے میں ہیں۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری