مریم نواز نے دانستہ طورپر مزارقائد کی بے حرمتی کی، فیاض الحسن چوہان


مریم نواز نے دانستہ طورپر مزارقائد کی بے حرمتی کی، فیاض الحسن چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر مزار قائدکی بے حرمتی کا الزام لگاتے ہوئے فوری طورپر انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کے جرم میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بھی گرفتار کیا جائے۔

وزارت اطلاعات پنجاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کا منطقی انجام کیپٹن صفدر اعوان کی گرفتاری ہی تھا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز نے اپنا، اپنے والد اور خاندان کا نام “ووٹ” رکھ لیا ہے اور آج کل وہ ہر جگہ ووٹ کو عزت دو کی غزلیں پڑھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو عزت دینے کا واویلا کرنے والی مزار قائد کی بے توقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریر سے پہلے مریم نواز قائد اعظم کے مزار کی بے حرمتی  پر شرمندہ ہو کر معافی مانگیں گی۔

ان کے جاری کردہ بیان کے مطابق مریم نواز کو مزار قائد پر عاجزی سے پاکستان کو لوٹنے، اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے نظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہیئے تھی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حادثے سے بڑا حادثہ یہ ہوا، لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر” کے مصداق مریم نواز کو رتی برابر ندامت نہیں ہوئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے ان کی اہلیہ کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کئی ہفتے سے پیشن گوئی کر رہا ہوں، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ستیاناس کر دے گا۔ عوام دیکھ رہی ہے، ہر آنے والے دن کے ساتھ میم لیگ آل شریف اور ن لیگ کے لیے مزید رسوائی لے کر آ رہی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج مزار قائد تقدس پامالی کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری