شمالی کوریا انسانی بحران سے نمٹنے کا فنڈ میزائل اور ایٹمی پروگرام پر لگا رہا ہے، اقوام متحدہ


شمالی کوریا انسانی بحران سے نمٹنے کا فنڈ میزائل اور ایٹمی پروگرام پر لگا رہا ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا انسانی بحران سے نمٹنے کا فنڈ میزائل اور ایٹمی پروگرام پر لگا رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، شمالی کوریا اپنے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے 2006ء سے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی زد میں ہے تاہم اس کے باوجود وہ گاہے بگاہے ایٹمی تجربات کرتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل شمالی کوریا نے اپنا پانچواں اور اب تک کا سب سے بڑا جوہری تجربہ کیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربے کے بعد عالمی طاقتوں نے اس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا تھا۔

اسی زمرے میں جاپان اور یورپی یونین نے شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر قرارداد جنرل اسمبلی میں پیش کی ہے جس پر جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے بھی اتفاق کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے بھی سیکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف کارروائی کرے۔

شمالی کوریا کے خلاف سخت کارروائی اور پابندیوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والے ممالک میں امریکہ، فرانس، روس، چین، جاپان اور برطانیہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ان تمام پابندیوں اور عالمی دباؤ کے باوجود شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ای یانگ ہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے کہا تھا کہ جوہری ٹیکنالوجی شمالی کوریا کا حق ہے، ہمارا ایٹمی پروگرام کسی صورت ختم نہیں ہو گا۔ دخل اندازی کی صورت میں امریکہ کو اس کی سوچ سے زیادہ خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری