سوشل میڈیا کے زریعے فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ


سوشل میڈیا کے زریعے فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کی ہدایت کردی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا پر پاک آرمی کے خلاف زہر اگلنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم صار کرنے کے بعد اب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے کہا کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور تفرقہ بازی اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آواز اٹھائیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کے لیے اتنا ہی خطرناک ہے جتنی دہشت گردی کی عفریت ملک کے لیے نقصان دہ ہے، فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ملک سے مخلص نہیں۔

وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی مشاورت سے اس سلسلے میں مشترکہ آواز اٹھانے اور اس روش کی فوری روک تھام کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ عرصہ قبل بھی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم آزادی اظہار رائے کے خلاف نہیں ہیں تاہم آزادی کے نام پر کسی کو کھلی چٹھی نہیں دی جا سکتی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری